قومی اسمبلی: ’’فیصل سبحان چین‘ پاکستان میں نہیں ملا‘ عمران کو کیسے مل گیا‘‘ طلال کے بیان پر اپوزیشن کا واک آوٹ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے بیان پر اپوزیشن احتجاجاً واک آئوٹ کرگئی، طلال چودھری نے کہا فیصل سبحان ملتان میٹرو یا کسی کمپنی کا مالک نہیں، جو شخص چین یا پاکستان کو نہیں ملا وہ عمران خان کو کیسے مل گیا؟ عمران خان روز جھوٹ بولتے ہیں، عمران خان کو بار بار نوٹس بھیجے، جواب نہیں دیتے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا۔ چودھری نثار قومی اسمبلی پہنچے تو وفاقی وزراء برجیس طاہر، رانا تنویر اور دیگر نے چودھری نثار سے مصافحہ کیا۔ بلوچستان میں شہید ایف سی اور پولیس اہلکاروں، ایل او سی پر شہید ہونے والے جوانوں کیلئے قومی اسمبلی میں فاتحہ خوانی کی گئی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کل 3 مارچ کو سینٹ انتخابات ہیں آج شام پارلیمنٹ کی عمارت الیکشن کمشن کے حوالے کر دیں گے۔ تمام ارکان اسمبلی اپنا قومی شناختی کارڈ اور اسمبلی کارڈ ہمراہ رکھیں۔ پولنگ بوتھ میں داخل ہوتے وقت بیگ اور موبائل فون دروازے پر جمع کروا دیں، یہ ہدایات الیکشن کمشن کی جانب سے دی گئی ہیں۔ ارکان نے سینٹ الیکشن کے دوران موبائل فون گیٹ پر جمع کرانے کی ہدایت پر اعتراض کیا۔ شیریں مزاری نے کہا ہم ووٹ کاسٹ کرتے وقت اپنا موبائل کہاں رکھیں۔ ایاز صادق نے کہا الیکشن کمشن کو خدشہ ہے آپ ووٹ کی تصاویر بنائیں گے۔ آپ اپنا موبائل میرے پاس جمع کرا دیجئے گا۔ شیریں مزاری نے کہا خواتین کے پاس تو ہینڈ بیگ بھی ہوتا ہے ایاز صادق نے کہا آپ کے پیسوں کو چھوڑ کر باقی بیگ سنبھال لوں گا۔ شیریں مزاری نے کہا گرے لسٹ میں شامل نہ ہونے سے متعلق وزیرخارجہ نے قبل از وقت ٹویٹ کیا، وزیر خارجہ کی ٹویٹ بچگانہ تھی، سعودی عرب نے بھی اس معاملے پر ہمارا ساتھ نہیں دیا ایسی کون سی شرائط تھیں جو پاکستان نے پوری نہیں کیں، کئی ملک ہمارے خلاف اکٹھے ہو گئے ہیں ہم امریکہ سمیت ان دوست ممالک کو ویزے میں نرمی دے رہے ہیں اب ہمارا ان ملکوں سے متعلق کیا ارادہ ہے۔ این این آئی کے مطابق صدارتی خطاب پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا صدر مملکت نے اپنے خطاب میں حکومت کی جو رہنمائی کی اس پر چل کر ہم بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ موجودہ حکومت اور اسمبلی کے تین ماہ رہ گئے ہیں یہ بھی خوش اسلوبی سے گزر جائیں گے۔ شیریں مزاری نے مطالبہ کیا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے پاکستان کے حوالے سے اقدامات پر ایوان کو بریفنگ دی جائے۔ جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہم نے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے درخواست کی ہے وہ اس معاملے پر ایوان میں آکر بریفنگ دیں۔ قبل ازیں ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس آج جمعہ کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا جائے گا۔
قومی اسمبلی