معمرخاتون کو شنا ختی کا رڈ کے اجرا پرچیئر مین نا درا کے لئے دعائیں
کراچی (کامرس رپورٹر) عوام کی جانب سے شناختی کارڈ کے حصول میں نادرا کے عملے کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد چیئرمین نادرا عثمان مبین متحرک ہوگئے، گزشتہ دنوں عام شہری کے بھیس میں میگا سینٹر ز پر چھاپے مار کر 3ملازمین کو برطرف کردیا، چیئرمین نادرا کو عوامی حلقوں نے اس عمل پر سراہا ہے۔ بعدازاں عثمان مبین نے عوامی مسائل کے حل میں ایک بار پھر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے کراچی کی رہائشی 80سالہ معمر خاتون حلیمہ بیگم کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شناختی کارڈ بنوانے کی اپیل پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضعیف خاتون کو شناختی کارڈ جاری کردیا۔ نادرا کے ترجمان نے نوائے وقت سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حلیمہ بیگم نے اسلام قبول کیا جس کے بعد ان کے اہل خانہ نے لاتعلقی کرتے ہوئے چھوڑ دیا،اب وہ فاطمہ اولڈ ایج ہوم میں رہائش پزیر ہیں، معمر خاتون کے پاس نہ تو اپنے والدین کے شناختی کارڈ موجود تھے اور نہ ہی ان کے پاس دیگر دستاویزات موجود تھیں ، تاہم ضعیف خاتون کی عمرہ پر جانے کی خواہش پوری ہونے میں شناختی کارڈ کا مسئلہ حائل تھا جس پر حلیمہ بیگم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کا سہارا لیا اور اپیل کی کہ انسانی بنیادوں پر چیئرمین نادرا نوٹس لیں اور ان کو شناختی کارڈ جاری کریں۔ بعدازاں چیئرمین نادرا عثمان مبین نے نوٹس لیتے ہوئے حلیمہ بیگم کا شناختی کارڈ جاری کردیا۔ گزشتہ روز چیئرمین نادرا کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا مقصود علی جھنڈانی نے حلیمہ بیگم کو شناختی کارڈ پیش کیا۔ حلیمہ بیگم نے شناختی کارڈ ملنے پر مسرت کا اظہار کیا اور چیئرمین نادرا کا شکریہ ادا کیااور دعائیں دی ۔