صدر زرداری نے سینیٹ کا اجلاس بارہ مارچ کوطلب کرلیا جس میں چئیرمین اورڈپٹی چئیرمین سینیٹ کا انتخاب کیا جائے گا
سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ کا آغاز صبح نو بجے ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام چار بجے تک جاری رہی۔ پنجاب اسمبلی میں کل تین سو چھیاسٹھ ووٹ کاسٹ ہوئے، یہاں پہلا ووٹ آزاد امیدوار محسن لغاری نے کاسٹ کیا۔ سندھ اسمبلی میں مجموعی طورپر ایک سو چونسٹھ ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، رکن صوبائی اسمبلی وحیدہ شاہ انتخابی نتیجہ رک جانے، ارباب رحیم بیرون ملک ہونے، رقیہ سومرو علالت جبکہ رشیدہ پنور والدہ کی وفات کے باعث ووٹ کاسٹ نہیں کرسکیں۔ سندھ اسمبلی میں پہلا ووٹ ایم کیوایم کے صوبائی وزیر رؤف صدیقی جبکہ آخری ووٹ پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر مراد علی شاہ نے ڈالا۔ بلوچستان اسمبلی کے پینسٹھ ارکان میں سے تریسٹھ نے ووٹ کاسٹ کیا جبکہ یار محمد رند اور بختیار ڈومکی ووٹ ڈالنے نہیں آئے یہاں سب سے پہلا ووٹ سپیکر اسمبلی اسلم بھوتانی نے کاسٹ کیا۔ ادھرخیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی پہلا ووٹ جمیعت علمائے اسلام ف کے رکن صوبائی اسمبلی شاہ حسین نے کاسٹ کیا ہے۔ فاٹا کی نشستوں کیلئے بیلٹ بکس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں رکھے گئے تھے جہاں نو اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ادھر صدرآصف زرداری نے دسویں پارلیمانی سال کا سینٹ کا پہلا اجلاس بارہ مارچ کوصبح دس بجےطلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں سینٹ کے نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے جبکہ چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔ بارہ مارچ کو سینیٹ کے اجلاس کی صدارت سینیٹرافراسیاب خٹک کریں گے۔