ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ پنجاب حکومت نے ہی خراب کیا تھا : سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دعویٰ
اسلام آباد / تھرپارکر (آن لائن + اے این این + ریڈیو نیوز) سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ پنجاب حکومت نے ہی خراب کیا‘ پنجاب حکومت نے معاملے کی سنگینی کا احساس اور وزارت خارجہ سے رابطہ کئے بغیر مقدمہ درج کر لیا۔ رضا ربانی گواہ ہیں کہ میں نے پارٹی کے سینئر وزراءکو حالات کی سنگینی سے آگاہ کیا تھا۔ ایک ہفت روزہ جریدے کو دئیے خصوصی انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے قومی مفاد پر مقامی سیاست کو ترجیح دی ہے۔ اسے معاملے کی سنگینی کا احساس ہونا چاہئے تھا اب وزارت خارجہ کو خط لکھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ ریمنڈ ڈیوس کی فائل وزارت خارجہ یا وزارت داخلہ کے پاس ہونے کے حوالے سے شاہ محمود نے مزید کہا ہے کہ اس معاملے کے پیچھے بہت سی باتیں موجود ہیں جو میں نہیں کرنا چاہتا میں نے پارٹی کے تمام اکابرین سے منتیں کیں مگر وہ خاموش رہے۔ واضح رہے کہ ریمنڈ کے حوالے سے پنجاب حکومت کے کردار کے بارے میں سابق وزیر خارجہ نے پہلی مرتبہ کہا ہے کہ معاملے کو خراب کرنے میں سب سے بڑا ہاتھ پنجاب حکومت اور وفاق میں بیٹھی چند شخصیات کا ہے جو سفارتی آداب سے نابلد ہیں۔ آن لائن کے مطابق شاہ محمود کے بیان پر ردعمل کیلئے مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ اے این این اور ریڈیو نیوز کے مطابق تھرپارکر کی تحصےل چھاچھرو مےں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میں پیپلز پارٹی چھوڑنا نہیں چاہتا مگر مجھے دھکے دئیے جا رہے ہیں‘ کچھ نادان دوست میری بات نہیں سمجھ رہے‘ میں وفادار ہوں لیکن پھر بھی میری وفاداری کو تسلیم نہیں کیا جا رہا۔ وسائل کا درست استعمال کیا جاتا تو تھرپارکر کے عوام ذہنی غلامی کا شکار نہ ہوتے‘ ستم ظریفی یہ ہے کہ 60 سال بعد بھی یہاں کے رہائشی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ میرے پاس اس وقت ایمان کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ روٹی‘ کپڑا اور مکان کا فلسفہ ہی میری سیاست ہے۔