ایوان صدرنے پیپلزپارٹی کومسلم لیگ نون کے رہنماؤں کے مخالفانہ بیانات کا ترکی بہ ترکی جواب دینے کا گرین سگنل دے دیا۔
روزنامہ نوائے وقت کی ایک رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے مفاہمت کا پیغام دینے کی بجائے میاں نوازشریف پرتنقید کی جا رہی ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف صدر آصف علی زرداری سے مفاہمت کے موڈ میں نہیں ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ نون کی قیادت اپنی نااہلی اورگورنر راج کو موضوع گفتگو بنانے کی بجائے اسے عدلیہ کی آزادی کی جنگ بنا رہی ہے۔ مسلم لیگی رہنما پیپلزپارٹی سے تصادم کی بجائے ایوان صدر کو اپنا ہدف بنا رہے ہیں۔ ادھر اے این پی کے صدر اسفند یار ولی اور جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان مسلم لیگ نون اور صدر آصف زرداری کے درمیان مفاہمت کی کوشش کر رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے پیپلزپارٹی پر زوردیا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ نون کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے۔