سی سی پی اور پی آئی سی جی کا باہمی تعاون بڑھانے پر اِتفاق

Jun 02, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی)  اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ گورننس (پی آئی سی جی)  کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ کمپٹیشن قانون پر مبنی ماڈیولز کو ڈائریکٹرز ٹریننگ پروگرام (ڈی ٹی پی) سمیت دیگر اہم ٹریننگز کا حصہ بنایا جائے گا۔کراچی میں سی سی پی اور پی آئی سی جی کے سینئر حکام کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ کمپٹیشن قانون معیشت کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے سازگار ماحول اور برابری کا میدان فراہم کرتا ہے۔ فیصلہ سازوں، بورڈ کے ارکان، کاروباری افراد، کارپوریٹ مینیجرز اور سرکاری اداروں کے حکام کے لیے کمپٹیشن قانون کی آگاہی بہت ضروری ہے۔ میٹنگ کے دوران پی آئی سی جی حکام نے بتایا کہ وہ جلد ہی ایک ای ایس جی ایگزیکٹو ٹریک پروگرام شروع کر رہے ہیں جو لازمی اور اختیاری ماڈیولز پر مشتمل ہوگا۔ اس پروگرام کو دنیا بھر میں مِڈ لیول کیریئر پر شرکاء کے علم اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ سی سی پی اور پی آئی سی جی کے درمیان موجودہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی اور سی سی پی دھوکہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ کو روکنے، انضمام اور حصول کا جائزہ لینے کے عمل ،  استثنیٰ کے حصول کے طریقہ کار اور ایسے معاہدے جو کمپٹیشن قانون کے تحت ممنوع ہیں، سے مُتعلقہ ماڈیولز تیار کرنے میں پی آئی سی جی کی مدد کرے گا ۔ سی سی پی معاشی سرگرمیوں کے تمام شعبوں میں کمپٹیشن کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ جبکہ پی آئی سی جی کی نمائندگی اس کے صدر مہمو ش خواجہ، کمپنی سیکرٹری محترمہ شفق فضل عظیم اور منیجر مارکیٹنگ اور ڈائریکٹر ریلیشنز ہانی جمال خان نے کی۔

مزیدخبریں