امریکہ اور یورپی ممالک کی جانب سے پاکستانی ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کو نئے آرڈرز کے معاہدے
اسلام آباد (اے پی پی) دس ہفتوں کے وقفہ کے بعد روئی کی خرید و فروخت کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔ امریکہ اور یورپی ممالک نے ٹیکسٹائل کے پاکستانی برآمد کنندگان کو نئے آرڈرز دیئے ہیں جبکہ بعض ممالک نے پہلے سے مؤخر کئے گئے آرڈرز کی تکمیل کا بھی عندیہ دیا ہے۔ ٹیکسٹائل کے شعبہ میں کاروباری سرگرمیوں کی بحالی سے تقریباً اڑھائی ماہ یعنی 10 ہفتوں کے بعد روئی کی خرید و فروخت کا عمل از سر نو شروع ہو گیا ہے اور روئی کے تاجروں نے متعدد معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔ کراچی کاٹن بروکرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نعیم عثمان نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ کی تجارتی جنگ کی وجہ سے روئی کی عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے اور نیو یارک کی کاٹن مارکیٹ میں روئی کی قیمت 56.50 سینٹ فی پائونڈ کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث دنیا بھر کی معاشی سرگرمیاں سست ہونے اور سفری سہولیات کی مشکلات کی وجہ سے اپنے آرڈرز منسوخ یا مؤخر کر دیئے تھے تاہم لاک ڈائون میں نرمی اور کاروبار سرگرمیوں کی بحالی کے نتیجے میں امریکہ سمیت کئی یورپی ممالک کی جانب سے پاکستان برآمد کنندگان نے زیر التواء آرڈرز کی تکمیل کا بھی عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجہ میں روئی کی ملکی مارکیٹ میں بھی کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے جس کی وجہ سے روئی کے تاجروں نے روئی کی خریداری کے متعدد معاہدے کئے ہیں۔