وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عوام کو شش و پنج کی ضرورت نہیں، عید 5 جون کو ہی ہوگی۔
ایک انٹرویو میں وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عوام کو شش و پنج کی ضرورت نہیں، عید 5 جون کو ہی ہوگی، رویت ہلال کمیٹی بھی یہی فیصلہ کرے گی، اب ٹیکنالوجی اتنی آگے چلی گئی ہے کہ آپ کو حبیب بینک بلڈنگ کی چھت پر چڑھ کر چاند دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے, اب موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے کمرے میں بیٹھ کر چاند دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے عوام کو کسی شش و پنج میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے، 5 تاریخ کو ہی عید ہو گی اور رویت ہلال کمیٹی بھی یہی فیصلہ کرے گی، اس کے علاوہ کوئی فیصلہ ہو ہی نہیں سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ چاند کی عمر چونکہ زیادہ ہے اس لیے وہ سب کو دکھائی دیگا اور عید تو اسی دن ہو گی جو ہم نے کہہ دیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے قمری کلینڈر بھی بنا دیا ہے اور چاند دیکھنے کے حوالے سے ایک ایپ بھی بنا دی ہے اور لوگوں کو یہ آپشن بھی دیدیں گے کہ وہ خود جا کر دیکھیں، جس طریقے سے چاند ہم دکھا سکتے ہیں کوئی اور نہیں دکھا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے عید کا چاند آنکھ سے دیکھنا ہے تو پھر آپ عینک نہیں لگا سکتے، پھر آپ دور بین بھی نہیں لگا سکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا یہ کہنا کہ پرانی ٹیکنالوجی سے دیکھیں گے تو ہلال اور نئی ٹیکنالوجی سے دیکھیں گے تو حرام ہے، یہ استدلال تو بالکل بھی سمجھ نہیںآتا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ نا تو پارٹی میں کوئی اختلاف ہے نہ ہی حکومت کہیں جا رہی ہے، ہمارا اتفاق رائے ہے کہ پاکستان میں اگر جمہوری نظام کو کامیاب ہونا ہے تو عمران خان کی کامیابی ضروری ہے، اگر ہم نظر دوڑائیں کہ ہمارے ساتھ آزاد ہونے والے ممالک آج کہاں کھڑے ہیں تو ہمیں احساس ہوگا کہ ہم نے اس عرصے میں کیا کھویا اور کیا پایا۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ملک کے سول ادارے مکمل طور پر تباہ ہیں، جس ادارے کا جائزہ لیں تو پتا چلےگا کہ اقربا پروری، سفارش اور میرٹ کے اصولوں کو بالائے طاق رکھ کر ان اداروں سے کھلواڑ کیا گیا، آئندہ ایک 2 برسوں میں ان اداروں میں بہتری کی کوئی توقع نہیں، وزیراعظم عمران خان کو ایک ریزہ ریزہ نظام ملا ہے وہ اس نظام کو کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔