نگران حکومت کی سب سے بڑی ذمے داری انتخابات کا بروقت انعقاد ہے، مریم اورنگزیب مسلم لیگ ن کی ترجمان مقرر
پاکستان مسلم لیگ ن نے سابق وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کو پارٹی ترجمان مقررکردیا ہے،اس بات کا فیصلہ ماڈل ٹاون لاہور میں پارٹی اجلاس میں کیا گیا ۔ یادرہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے ترجمان آصف کرمانی تھے ۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعلیٰ کے معاملے پر پی ٹی آئی نے مضحکہ خیز طرز عمل اختیار کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں مسلم لیگ(ن)کی 5 سالہ کارکردگی پر بات ہوئی جب کہ اس دوران عام انتخابات سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔انہوں نے کہا ہمیں امید ہے کہ انتخابات بروقت ہوں گے، عوام بھی تیار نظر آتے ہیں، نگران حکومت کی سب سے بڑی ذمے داری انتخابات کا بروقت انعقاد ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ کے معاملے پر پی ٹی آئی نے مضحکہ خیز طرز عمل اختیار کیا، عمران خان اور ان کے حواریوں میں سے شاید کسی نے بھی آئین نہیں پڑھا۔ الیکشن کے لیے مسلم لیگ ن پوری طرح تیار ہے اورانتخابات کیخلاف کوئی سازش ہوئی تو سیسہ پلائی دیوارکی طرح کھڑے ہوں گے ، ن لیگ کو نشانہ بنایاجارہاہے ، کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ حکومت میں آئے گی ۔انہوں نے چوہدری نثار کے بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ چوہدری نثار کی باتوں پر تبصرہ سینئر قیادت ہی کرے گی ،بروقت انتخابات نگران حکومت کی ذمہ داری ہے سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو ہے، ہم نے ووٹ اور ووٹر کو عزت دی۔