
اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے مہنگائی، سیاسی عدم استحکام، بے تحاشا لوڈ شیڈنگ اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی جلسہ جاری ہے جہاں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گزشتہ ہفتے احتجاج کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ احتجاج میں اسلام آباد اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے شہری شرکت کریں گے جبکہ ملک کے دیگر بڑے شہروں میں عوام احتجاج کریں گے۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ عمران خان کے پہنچنے کا انتظار کر رہا ہوں او روہ راولپنڈی سے ریلی کی قیادت کریں گے۔