کراچی: محکمہ موسمیات کراچی کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کردی۔ کہتے ہیں موجودہ ہفتے کے اختتام پر بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔ چار اور پانچ جولائی کو شہر قائد میں مینہ برسنے کے امکان ہیں۔
شہر قائد میں سورج کا پارہ ایک بار بھر چڑھ گیا۔ موسم کا احوال بتاتے ہوئے سردار سرفراز کے کہا کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 30.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا ہے جبکہ دوپہر کے اوقات میں گرمی کی شدت بڑھنے پر درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کر سکتا ہے۔ شہر میں شمال مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 10 کلو میٹر فی گھنٹا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے۔
دوسری جانب سخت گرمی اور وبا کے دنوں میں بھی کراچی کے باسی کے الیکٹرک کے مظالم کا شکار ہیں۔ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی تین گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کو بھی لوڈمینجمنٹ کے نام پر بجلی کی ایک سے تین گھنٹے کی بندش رہتی ہے۔ طویل دورانیہ لوڈ شیڈنگ سے کراچی والوں کے معمولات زندگی دوہری اذیت میں مبتلا کر دیا ہے.