قومی ٹیم نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیا
ووسٹرشائر(آئی این پی) انگلینڈ میں موجود قومی کرکٹرز نے اپنے کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے فوری بعد باضابطہ ٹریننگ کا آغاز کر دیا،قومی کرکٹرز نے پہلے روز بھر پور ٹریننگ کی۔نیٹ پریکٹس کے دوران بائولنگ کوچ وقار یونس بائولرز کے ہمراہ دکھائی دیئے۔انہوں نے کھلاڑیوں کو مشورے بھی دیئے۔بیٹنگ کوچ یونس خان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے ساتھ دوبارہ جڑنے پر اچھا لگ رہا ہے، امید ہے کہ ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی، نوجوان کھلاڑیوں سمیت پوری ٹیم سے بہت امیدیں ہیں۔ہیڈکوچ مصباح الحق نے کہا کہ میدان میں واپسی پر سب کھلاڑی پرجوش ہیں۔قومی ٹیم کے بیٹسمین شان مسعود نے کہا کہ یہ آغاز ہے، خواہش ہے کہ دورہ انگلینڈ ہمارے لیے اچھا ہو۔ پی ایس ایل کے بعد اب 3ماہ بعد کھیل رہے ہیں۔بدھ کے روز بھی پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورسیسٹر میں2سیشنز میں ٹریننگ کی۔