برطانیہ اور یورپ میں پی آئی اے پر پابندی

یورپین یونین کی ایئر سیفٹی ایجنسی نے پاکستان ایئر لائنز کا یورپی ممالک کے لیے فضائی آپریشن کا اجازت نامہ 6 ماہ کے لئے معطل کردیا ہے جس کے بعد پی آئی اے کی یورپ جانے والی تمام پروازیں منسوخ کردی گئیں۔برطانیہ نے بھی ایسا ہی فیصلہ کیا ہے۔ سٹیل ملز پی آئی اے سمیت کئی اداروں میں میرٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں کرکے ان کا بیڑہ غرق کردیا گیا۔ میرٹ سے ماورا بھرتیوں سے اداروں نے ڈوبنا ہی ہوتا ہے مگر پی آئی اے اور دیگر ایئر لائنز میں جعلی لائسنسوں‘ ڈگریوں پر لوگ پائلٹ اور انجینئر آئیں گے تو حادثات کو روکنا کیونکر ممکن ہوگا۔ حکومت کے سامنے یہ سارا کچھ آیا تو بلاتاخیر نوٹس لے کر سکروٹنی کرنی چاہئے تھی۔ اس کے بجائے میڈیا پر رپورٹیں جاری کردی گئیں جس سے آج پابندیوں کا سامنا ہے اور مزید ممالک بھی پابندیاں لگا سکتے ہیں۔ خسارے کی دلدل میں دھنسی قومی ایئر لائن ایسے نقصان کی متحمل نہیں ہوسکتی جس کی پہلے ہی چولیں ہلی ہوئی ہیں۔ اب حکومت کسی بھی مصلحت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پی آئی اے میں مکمل سکروٹنی کو یقینی بنائے۔