افغانستان کے صوبہ ہلمند میں امریکی اور افغان فوج نے بڑا آپریشن شروع کر دیا

02 جولائی 2009 (14:34)
نیویارک (طیبہ ضیاءسے+ خبر رساں ایجنسیاں+ بی بی سی) افغانستان کے صوبہ ہلمند میں امریکی اور افغان فوج نے بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے جس میں چار ہزار امریکی اور 650 افغان فوجی حصہ لے رہے ہیں جنہیں امریکی جنگی جہازوں کی مدد حاصل ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کے بریگیڈیئر جنرل لیری نکولسن نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ افغانستان میں شروع کیا گیا آپریشن فوجیوں اور ساز و سامان کے جحم اور برق رفتاری کے لحاظ سے دوسری امریکی کارروائیوں سے مختلف ہے۔ امریکی زمینی فوج کے مطابق ویتنام کی جنگ کے بعد امریکی میرینز نے کسی بھی کارروائی میں اتنی بڑی تعداد میں حصہ نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں پچاس لڑاکا طیارے حصہ لے رہے ہیں جو کہ ویتنام جنگ کے بعد امریکی میرین کا سب سے بڑا حملہ ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان میں امریکی فوجی کارروائی کا آغاز اس وقت ہوا جب فوجی یونٹ جمعرات کی صبح وادیِ ہلمند میں داخل ہوئے۔ ہیلی کاپٹر اور بڑی گاڑیوں کی مدد سے امریکی اور افغان فوجیوں نے پیش قدمی کی جبکہ نیٹو کے جہازوں نے انہیں فضائی مدد فراہم کی۔