پاکستان کیساتھ بات چیت سے خوفزدہ نہیں: بھارت

02 جولائی 2009
نئی دہلی (جی این آئی) بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا ہے کہ نئی دہلی پاکستان کے ساتھ بات چیت سے خوفزدہ نہیں تاہم پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف ٹھوس کارروائی کا ثبوت دینا ہو گا۔ نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری رکھے گا تاہم اس کے ساتھ نئی دہلی اس بات کا خواہش مند ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ٹھوس کارروائی کرے جس کے نتائج بھارت اور عالمی برادری خود دیکھ سکے۔ ایک سوال کے جواب میں بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ نئی دہلی کو اب تک پاکستان کی جانب سے ممبئی حملوں کے ذمہ داروں کے خلاف مؤثر کارروائی کا انتظار ہے‘ بھارتی وزیر خارجہ نے رواں ماہ مصر میں غیر وابستہ ممالک کی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم منموہن سنگھ اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ملاقات طے ہونے کی بھی تصدیق کی۔