پیپلزپارٹی سے تلخیوںکو بھلایا، بدقسمتی سے وعدوں پر عمل نہیںکیا گیا: ذوالفقارکھوسہ

02 جولائی 2009
لاہور (وقت نیوز+ ریڈیو مانیٹرنگ) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کے سینئر مشیر سردار ذوالفقار کھوسہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ جمہوریت اقدار و روایات کا احترام کیا ہے اور پاسداری کی ہے۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پیپلزپارٹی کے ساتھ ماضی کی تلخیوں کو بھلا دیا اور اسے کبھی نہیں اچھالا لیکن بدقسمتی سے ہمارے ساتھ کئے گئے وعدوں اور معاہدوں پر عمل نہیں کیا گیا‘ ہم نے صاف دل سے اس کی جانب تعاون کا ہاتھ بڑھایا۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کی کارکردگی سب تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یونیفکیشن گروپ کو کچھ دینے کا فیصلہ کیا گیا اور نہ ہی کوئی معاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات طے شدہ ہے کہ ہماری نہروں میں پانی کم آیا لیکن وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دریائوں میں آنے والے پانی کے حساب سے ہی صوبوں کو پانی دیا گیا اور سندھ اور پنجاب دونوں کے حصہ کا 32 فیصد حصہ پانی کاٹا گیا‘ دریائوں میں پانی کی صورتحال بہتر ہوتے ہی یہ کمی دور کر دی گئی اور معاہدے کے مطابق پانی دیا جا رہا ہے۔ سردار ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ اب یہ بات تو تب ہی ثابت ہوتی جب سندھ کو منلے والے پانی کی تفصیلات بھی سامنے آتیں تاہم یہ تفصیلات ارسا سے کسی بھی وقت حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے سرائیکی صوبے کے حوالے سے ایک سوال پر کہا کہ یہ مسئلہ 1988ء کے بعد بھی اٹھا جب نوازشریف پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے۔ انہوں نے کمیٹی بنائی تھی جو جنوبی پنجاب اور باقی پنجاب کے درمیان فرق کو کم کرنے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ جنوبی پنجاب کو پاقی پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا 4فیصد حصہ کاٹ کر جنوبی پنجاب و دیا جائے تا کہ یہ فرق کم ہو سکے۔ اس سے پہلے بھی ایسی کوششیں ہوتی رہیں۔ اب لوگ اپنے رہنمائوں سے پوچھ سکتے ہیں اب میڈیا کی بدولت ووٹر بڑا سمجھدار ہو چکا ہے۔