اتحادی فوج افغانستان میں جنگ ہار رہی ہے : برطانوی سفارتکار

02 جولائی 2009
لندن (نیٹ نیوز‘ اے پی پی) ایک سینئر برطانوی سفارتکار نے کہا ہے کہ امریکہ اور نیٹو سمیت تمام غیرملکی فوجیں افغانستان میں شکست سے دوچار ہیں۔ ایرانی پریس ٹی وی کے مطابق بوسنیا کیلئے برطانیہ کے سابق نمائندے پیڈی ایش ڈاؤن نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ان کی فوجوں کو افغانستان میں شکست ہو رہی ہے اور ان کے جوان مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مشترکہ حکمت عملی اپنا کر آپریشنل تبدیلیاں نہ کی گئیں تو امریکہ اور نیٹو کی زیرقیادت بین الاقوامی فوج یہ جنگ ہار جائیگی۔ برطانوی سفارتکار نے کہا کہ برطانیہ‘ ہالینڈ‘ کینیڈا اور امریکہ کی فوجوں نے الگ الگ مقامات پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے جو سب سے بڑا خطرہ ہے۔