بدترین لوڈشیڈنگ اور مظاہرے جاری ‘ حکمرانوں کے پتلے نذر آتش

02 جولائی 2009
لاہور (نیوز رپورٹر/ نامہ نگاران/ سٹاف رپورٹر) لاہور سمیت ملک بھر میں شدید گرمی کے دوران لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا جس کے خلاف گوجرانوالہ‘ نوشہرہ وادی سون‘ بہاولنگر میں احتجاجی ریلیاں جبکہ اوکاڑہ‘ عیسیٰ خیل اور دیگر شہروں میں حکومت اور واپڈا کیخلاف جلوس نکالے گئے‘ کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش سے نظام زندگی درہم برہم‘ کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے جبکہ پینے کا پانی بھی نایاب ہو گیا۔ دوسری جانب لوڈشیڈنگ کے دوران گرمی سے رینالہ خورد میں ریٹائرڈ کلرک محمد ریاض قریشی دم توڑ گیا‘ لاہور میں صارفین نے امامیہ کالونی‘ بند روڈ‘ راوی روڈ‘ گڑھی شاہو سمیت 14مقامات پر لیسکو کیخلاف مظاہرے کئے جبکہ لیسکو ہیڈ آفس کے باہر بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ ایس ڈی او ایکسین اپنے دفاتر چھوڑ کر بھا گ گئے۔ علاوہ ازیں چٹھہ کالونی معراج پارک شرق روڈ میں گذشتہ روز سے بجلی بند ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی عذاب بن گئی۔ گوجرانوالہ سے نمانئدہ خصوصی کے مطابق یہاں انجمن تاجران سیٹلائیٹ ٹائون نے علامتی ہڑتال کے بعد مین مارکیٹ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں واپڈا کیخلاف احتجاجی مارچ کیا۔ شرکاء نے لوڈشیڈنگ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ نامہ نگاران کے مطابق پاکپتن میں لوڈشیڈنگ کے باعث ہزاروں مزدور بیروزگار ہو گئے۔ عیسیٰ خیل میں سینکڑوں افراد نے بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف مین بازار سے لاری اڈہ تک جلوس نکالا اور ٹائر جلاکر کالاباغ روڈ پر کئی گھنٹے تک ٹریفک بلاک کر دی۔ بھلوال میں پولیس نے مظاہرین پر ہلکا لاٹھی چارج کیا۔ ثناء نیوز کے مطابق ساہیوال میں بھٹہ مزدوروں اور چک 134\\\\9-Lکے سینکڑوں رہائشیوں نے واپڈا میپکو ساہیوال سرکل کے منیجر آپریشن کے آفس کے باہر جلوس نکال کر تین گھنٹے تک ٹریفک بند کئے رکھی۔ شرکاء نے صدر زرداری اور وفاقی وزیر بجلی راجہ پرویز اشرف کے پتلے بھی نذر آتش کئے اور انکے خلاف زبردست نعرے لگائے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق گرمی کی شدید لہر کے باعث گذشتہ روز لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی ملت ایکسپریس‘ عوام ایکسپریس اور تیزگام کے انجن راستے میں مختلف مقامات پر فیل ہو گئے جسکے باعث شدید گرمی کے دوران مسافر بلبلا اٹھے جبکہ ریلوے کے چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ جاوید انور کے مطابق موسم گرما میں ٹرینوں کی بروقت آمد 50فیصد کم ہو گئی۔ ٹرینوں میں تاخیر کی وجہ پرانے انجن ہیں جو گرمی میں فیل ہو جاتے ہیں۔ دوسری جانب تاجروں نے لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف (پرسوں) 4جولائی کو ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔