مقبوضہ وادی کشمیر میں مطلع صاف رہنے کی وجہ سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مزید نیچے گر جانے سے سردی کا زور بدستور جاری ہے جس سے لوگ مشکلات سے دوچار ہیں۔محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں برف باری کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے ۔ گلمرگ میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ متعلقہ محکمے کا کہنا ہے کہ وادی میں 2 جنوری سے موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس کے باعث 4 اور 5 جنوری کو درمیانی سے بھاری درجے کی برف باری متوقع ہے ۔ادھر وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ گذشتہ روز مرمتی کام کے پیش نظر بند رہی۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر مرمتی کام کے پیش نظر جمعے کے روز ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل کو بند رکھا گیا۔وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی 434 کلو میٹر طویل سری نگر- لیہہ شاہراہ کو جمعرات کے روز بند کر دیا گیا جبکہ وادی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر گذشتہ زائد از دو ہفتوں سے ٹریفک بند ہے ۔وادی کشمیر میں جمعے کو چلہ کلان کے بارہوں روز بھی موسم خشک بھی رہا اور دن بھر ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی تاہم مطلع صاف رہنے کی وجہ سے شبانہ سردی میں مزید اضافہ درج ہوا ہے جس سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات در پیش ہیں۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024