تحریک انصاف کی حکومت عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کےلئے تمام ممکن کوششیں کررہی ہے: مراد سعید

قومی اسمبلی کو آج بتایاگیا کہ ٹرانسپوٹروں کی طرف سے اٹھائے گئے تحفظات کے تناظر میں موٹرویز اور ہائی ویز پر زائد رفتار پر جرمانے میں اضافے کی پالیسی موخر کردی گئی ہے۔
ایک نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے مواصلات کےوزیر مراد سعید نے واضح کیا کہ ٹریفک جرمانوں میں اضافے کا مقصد ہرگز آمدن بڑھانا نہیں بلکہ شاہراہوں پر بے گناہ لوگوں کی زندگیاں بچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لینے کے بعد میڈیا پر بریفنگ کے ذریعے نافذ کی جائے گی۔
نکات اعتراض کا جواب دیتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان امت مسلمہ کو متحد کرنے اور مسلمانوں کےخلاف نفرت آمیز بیانات کے خاتمے سمیت تمام عالمی فورموں پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے رضا کارانہ طور پر خود کو کشمیریوں کا سفیر قرار دیا اور اقوام متحدہ میں ان کی آواز بلند کی۔
وفاقی وزیر نے ایوان کو بتایا کہ صنعتوں اورخوراک کی وزارتوں کو گنے کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراد سعید نے ایوان کو یہ بھی بتایا کہ میران شاہ بازارکے تاجروں کو معاوضہ کی ادائیگی کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق فاٹا کے عوام نے پاکستان کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں تاہم انہیں محروم رکھا گیا اور اب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت انہیں سہولتیں فراہم کرنے کےلئے تمام ممکن کوششیں کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجوں میں خیبرپختونخوا میں ضم کئے گئے اضلاع کا کوٹہ بڑھا دیا گیا ہے جس کا ان کےصوبے میں انضمام کے وقت وعدہ کیاگیا تھا۔