پی آئی اے اور شاہین ائرلائن سول ایوی ایشن اتھارٹی کی اربوں کی نادہندہ نکلیں
اسلام آباد (صباح نیوز) قومی ایئر لائن اور شاہین ایئر لائنز سول ایوی ایشن اتھارٹی کی اربوں روپے کی نادہندہ نکلی، بقایا جات ادا نہ کرنے کی صورت میں ایئرلائنز کے لائسنس معطل ہونے کا امکان ہے۔ سول ایویشن اتھارٹی کی ڈیپارٹمنٹل اکاونٹ کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ ناد دہندہ ایئرلائنز کی رپورٹ کے مطابق قومی ایئر لائن کے ذمہ 18 ارب روپے واجب الادا ہیں جبکہ شاہین ایئرلائن 2 ارب روپے کی نادہندہ ہے۔ میڈیا رپورٹ میں حکام کا کہنا ہے کہ بقایا جات ادا نہ کیے گئے تو ایئرلائنز کے لائسنس معطل کیے جاسکتے ہیں۔ شاہین ایئرلائن کے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ، چارٹرڈ ائر ٹرانسپورٹ اور ایئریل ورک لائسنسوں کی معیاد جمعہ کو ختم ہوگئی جبکہ پی آئی اے کو اپریل 2016 میں اپنے لائسنسز کی تجدید کرانا ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اتھارٹی نے نادہندہ ائرلائنز کے لائسنس تجدید کا معاملہ ایوی ایشن ڈویژن پر چھوڑ دیا۔ دوسری جانب پی آئی اے کے جی ایم دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ بحران کے سبب ادائگیاں نہیں ہو سکیں۔ قومی ایئرلائن کے لائسنس معطل نہیں ہونے دیں گے، ادائیگیاں کر دی جائیں گی۔
قومی ائر لائنز