ضمنی انتخابات میں عوام نے کرپشن کو مسترد کرتے ہوئے میرٹ پر اپنا فیصلہ سنایا تاہم کچھ امپورٹڈ لوگ ناٹک کرکے ان کی امیدوں پر پانی پھیرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف
لاہورمیں یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹینکالوجی کے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہمارے ایک ہاتھ میں کشکول اورایک ہاتھ میں ایٹمی قوت ہے تاہم اب ہیمں فیصلہ کرنا ہے کہ ان میں سے کون سی چیز قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں چوروں اور لٹیروں کو گارڈ آف آنر پیش کیا جاتا رہا ہے تاہم آج یہ عزت ہونہار طلبہ کو دی جارہی ہے اور یہی اصل تبدیلی ہے۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں نے عوام کو مایوس کیا،اس میں جمہوریت کا کوئی قصور نہیں، عوام عام انتخابات میں ایسی قیادت کا انتخاب کریں جو اغیار کے سامنے سجدہ ریز نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے چوروں کو مسترد کرتے ہوئے اپنا فیصلہ میرٹ پر سنایا، عام انتخابات میں بھی ان کا فیصلہ یہی ہوگا تاہم کچھ امپورٹڈ لوگ ان کی امیدوں پر پانی پھیرنا چاہتے ہیں۔