وزیراعلیٰ گلگت بلتستان مہدی شاہ نے کہا ہے کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے جرمنی اور فرانس کی کمپنیاں گلگت بلتستان میں بجلی گھر تعمیر کریں گی۔
جرمنی کے دورے کے بعد اسلام آباد سے سکردو پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہدی شاہ نے بتایا کہ جرمنی کا دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی اور فرانس کی کمپنیاں روندو اور چٹور کھنڈ میں بجلی گھر تعمیر کریں گی۔ جس سے صوبے میں توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ مہدی شاہ نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے گورنر کے عہدے کےلیے کسی مرد کونامزد کیا جائے گا۔ بلدیاتی انتخابات اسی سال کرائے جائیں گے ۔عوام کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے ٹیکس نافذ کیا جائے گا لیکن یہ ٹیکس غریبوں پر نہیں امیر طبقے پر لگایا جائے گا ۔ وزیر اعلیٰ جب اسلام آباد سے سکردو پہنچے تو سیاسی نمائندوں اورسرکاری حکام نے ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔