اسلام آباد (مقبول ملک / نیشن رپورٹ) پاک فوج نے بلوچستان کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے فوج میں بھرتی کا خصوصی پروگرام ترتیب دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج نے یہ پروگرام وفاقی حکومت کے بلوچستان کی پسماندگی دور کرنے کے پیکج کے ساتھ متعارف کرایا ہے۔ یہ خصوصی پروگرام صوبہ سے بےروزگاری کے خاتمہ میں معاون ثابت ہو گا۔ بھرتی کے لئے نوجوانوں کو عمر میں 3 سال‘ قد میں 5 سینٹی میٹر اور تعلیم میں مڈل پاس ہونے کی رعایت دی گئی ہے۔ مزید برآں درخواست گذاروں کو انرولمنٹ کے لئے رجسٹریشن فیس سے بھی مستثنیٰ قرار دیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ملک کے دیگر حصوں کے برعکس یہ بھرتی سارا سال جاری رہے گی‘ بھرتی کے مراکز کوئٹہ‘ لورالائی‘ سبی اور خضدار میں قائم کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں فوج کی موبائل ٹیمیں صوبہ کے دور دراز علاقوں میں نوجوانوں کو بھرتی کے لئے رغبت دلائیں گی‘ اس مقصد کے لئے بڑی سطح پر اشتہاری مہم کے ساتھ ساتھ کوئٹہ میں آئی ایس ایس بی سنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے‘ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس پروگرام میں شمولیت کے لئے خواتین نے آمادگی ظاہر کی ہے جو کہ ایک حوصلہ افزا اقدام ہے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38