لاہور + کراچی (سپورٹس رپورٹر + ایجنسیاں) ملکی تاریخ کا سب سے بڑا انٹرنیشنل باکسنگ ٹورنامنٹ آج سے کراچی میں شروع ہوگا۔ بےنظیر انٹرنیشنل باکسنگ ٹورنامنٹ کےلئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے تمام سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے انعقاد اور کھلاڑیوں کے قیام کی جگہ پر 5 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائینگے۔ بےنظیر سپورٹس کمپلیکس کے پی ٹی میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کا افتتاح وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کرینگے۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کےلئے 14 ممالک کی ٹیمیں کراچی پہنچ چکی ہیں جبکہ مزید ٹیموں کی آمد کا سلسلہ ہفتے کی صبح تک جاری رہے گا۔ جو ٹیمیں پہنچ چکی ہیں ان میں بھارت‘ یمن‘ ہنگری‘ سری لنکا‘ میانمار‘ ازبکستان‘ ایشین چیمپئن چین‘ کیمرون‘ منگولیا‘ عراق‘ ویت نام‘ افغانستان‘ سینٹرل افریقہ ری پبلک اور سنگاپور شامل ہیں جن کے ساتھ میزبان پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ بھی ایکشن میں نظر آئیں گی ۔ان کے علاوہ ویت نام ، قازقستان ، فلپائن ، لاﺅس ، منگولیا اور چین کے ریفری ججز نیوٹرل ریفری جج کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دیں گے ۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر دودا خان بھٹو اور نائب صدر اقبال حسین نے آنے والی تمام ٹیموں کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم پوری کوشش ہوگی اس ایونٹ کو یادگار طریقے سے منعقد کیا جائے جبکہ افتتاحی تقریب کو بھی شایان شان طریقے سے منعقد کیا جائے گا۔ دریں اثناءبھارت نے نومبر 2008ءمیں ممبئی حملوں کے بعد پہلی بار پاکستان میں اپنے ایک کھیل کی ٹیم بھیجی ہے۔ 7 رکنی باکسرز کی بھارتی ٹیم کراچی میں باکسنگ عالمی مقابلے میں حصہ لے گی۔ بھارتی باکسنگ ٹیم کے کوچ شیو سنگھ نے پاکستانی دورے کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہمیں سکیورٹی کے حوالے سے کوئی خدشات نہیں ہیں۔ ہماری توجہ باکسنگ پر اور باقی ہمارے میزبان پر ہے۔ باکسنگ فیڈریشن کے سربراہ دودا خان بھٹو نے کہا کہ جہاں ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوگا اور جہاں کھلاڑی قیام کریں گے وہاں پانچ ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ سندھ کے وزیر کھیل محمد علی شاہ نے کہا ”ہمیں معلوم ہے کہ ملک میں بہت دنوں بعد کوئی ٹورنامنٹ منعقد ہو رہا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ ٹورنامنٹ بغیر کسی خلل کے بآسانی ہو جائے کیونکہ اس سے پاکستان میں دوسری ٹیموں کے آنے کا راستہ ہموار ہوگا۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024