اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ(کل) اتوار سے سڈنی میں شروع ہو گا۔ میزبان آسٹریلیا کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے قائد محمد یوسف نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شکست بھلا کر مثبت سوچ اور مربوط حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو تینوں شعبوں بیٹنگ، باﺅلنگ اور فیلڈنگ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ محمد یوسف نے کہا کہ دانش کنیریا جو انگلی زخمی ہونے کے باعث پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے مکمل طور ہر صحت یاب ہو گئے ہیں اور دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔ ادھر آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان رکی پونٹنگ نے انجری کے باوجود پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں کہنی کی تکلیف مبتلا رہے تاہم وہ سڈنی ٹیسٹ سے قبل مکمل طور پر صحت یاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں شاندار کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ رکی پونٹنگ نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کے تمام کھلاڑی بھر پور فارم میں ہیں اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں وہ جیت کا جذبہ لے کر میدان میں اتریں گے اور سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے بھر پور کوشش کریں گے۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024