کٹاریاں پل سے باغ سرداراں پل تک نالہ لئی کے حفاظتی پشتوں کی تعمیر کیلئے کناروں کی کھدائی
راولپنڈی (عزیز علوی) کٹاریاں پل سے باغ سرداراں پل تک نالہ لئی کے حفاظتی پشتوں کی تعمیر کیلئے کناروں کی کھدائی کے دوران پیرودھائی قبرستان کے کناروں سے مردوں کی کھوپڑیاں اور ہڈیاں سامنے آنے پر واسا نے کنکریٹ کے حفاظتی پشتے کی تعمیر شروع کردی جو نالہ لئی سے ملحق پیرودھائی قبرستان کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک بنایا جا رہا ہے یہ پشتے دو میٹر بلند اور دو فٹ چوڑے بنائے جا رہے ہیں نالہ لئی سے پرانا کچرا نکالنے اور اسلام آباد کی طرف سے آنے والے برساتی ریلے سے نالہ لئی کے کناروں کو زمینی کٹائو سے بچانے کیلئے سات کروڑ روپے کی لاگت سے کئی ٹن ملبہ نکالنے کا پراجیکٹ شروع کررکھا ہے یہ منصوبہ مئی تک مکمل کیا جائے گا تاکہ نالہ لئی مون سون کی بارشوں سے قبل زیادہ آبی ریلا آنے سے مضبوط پشتوں کے ساتھ شہر کو سیلاب کے خطرات سے بچا سکے ۔