اُسوہ بنت رسول ؐ طبقہ نسواں کیلئے مشعل نور ہے، آغاعلی حسین نجفی
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آل پاکستان بزم ذاکرین و واعظین نے انسانیت کو عزت وسرفرازی عطاکرنے والی ہستیوں کے مزارات کی خستہ حالی کوتاریخ اسلام کاسیاہ باب قراردیاجو مسلمانوں کی ناقدری کی تصویر پیش کررہی ہے ،بابائے صحافت شورش کاشمیری کا رسولؐ کی بیٹی کی قبر جنت البقیع کی حالت زار پر لکھا ہوا نوحہ آج بھی مسلمانان عالم کے زوال کی وجہ بیان کررہا ہے کہ جس قوم کی نگاہ میں بنت نبی ؐ کی حیا نہ ہواس قوم کی نوشت میں زوال ہی زوال ہے اور مقررین نے واضح کیاکہ صرف پاکستان نہیں پوری دنیا کے مسائل کا علاج اسلام کے پاس ہے اور اسلام سیکھنے کیلئے انسانیت کو محمد ؐ و آل محمد ؐ کے در پر سر جھکانا ہو گااور اسلام کے محسنوں کی نشانیوں جنت البقیع و جنت المعلی کی عظمت رفتہ بحال کرنا ہوگی ۔مرکزی امام بارگاہ شاہ اللہ دتہ اسلام آباد میں تحریک تحفظ ولاء و عزا کے چیف آرگنائزرحضرت مخدوم نزاکت حسین نقوی البھاکری کے زیراہتمام شہادت خاتون جنت حضرت فاطمہ زہراؑ کے سلسلہ میں منعقد ہ سالانہ مجلس عزاسے سلطان الذاکرین مداح حسین شاہ اور حجۃ الاسلام آغا علی حسین نجفی سمیت چاروں صوبوں سے تعلق کھنے والے علماء اور ذاکرین واعظین نے خطاب کیا۔ مجلس سے علامہ آغاسیدعلی حسین نجفی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت فاطمہ زہرا ؑ بحیثیت بیٹی زوجہ اور ماں طبقہ نسواں کیلئے مکمل نمونہ عمل ہیں۔