جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر سے مربوط ہے،علامہ عارف واحدی
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر سے مربوط ہے، مظلوم کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے، مسئلہ کشمیر و فلسطین کے مستقل حل کیلئے امت مسلمہ کو ایک موقف اختیار کرنا ہوگا، یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور طریقے سے منایا جائیگا ان خیالات کااظہار انہوںنے ملکی و بین الاقوامی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا باالخصوص اسلامی دنیا مختلف چیلنجز کا سامناکررہی ہے سب سے اہم مسئلہ اسلامی ممالک میں امن کا فقدان ہے جہاں مختلف حیلوں، بہانوںاور سازشوں کے ذریعے مختلف مسائل پیدا کرکے عوام کو باہم لڑانے کی کوششیں کی جاتی ہیں جبکہ اور بھی کئی طریقے استعمال کرکے اسلامی ممالک کی معیشت کو متاثر کرنے کی سازشیں کی جاتی ہیں، امہ کو اس سلسلے میں بیدار مغزی کا ثبوت دیتے ہوئے اتحاد امہ کیلئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔