شریف خاندان ریفرنسز ، سماعت آج
اسلام آباد(نا مہ نگار)اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف دائر نیب ریفرنسز کی سماعت آج ہو گی۔عدالت نے آج نیب کی طرف سے دائر ضمنی ریفرنس کے 5گواہوں کوطلب کر رکھاہے، بیرون ملک گواہوں کا بیان ویڈیولنک کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے گا ۔ گزشتہ سماعت پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث اور مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے وکیل امجد پرویزنے ضمنی ریفرنس پر اعتراضات اٹھا تے ہوئے عدالت سے درخواست کی تھی کہ وہ ضمنی ریفرنس مسترد کر دے لیکن عدالت نے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے ضمنی ریفرنس کے 5گواہوں کوطلب کر لیا تھا۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کیس کی سماعت کریں گے،سماعت میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے ، نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث اور مریم نواز کے وکیل امجد پرویزگواہوں پر جرح کریں گے ۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے العزیزیہ ریفرنس کی 27ویں، فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی 23ویں اور لندن فلیٹس ریفرنس کی 23ویں سماعت کریں گے۔ سابق وزیراعظم 16ویں، مریم نواز 18ویں اور کیپٹن(ر)صفدر 20ویں بار احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے جائیں گے۔