سری لنکن بلے باز دھانن جایا104اور مینڈس 83رنز بنا کر قابل شکست
چٹاگانگ (اے پی پی) بنگلہ دیشی ٹیم پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 513 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، مومن الحق 176 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان محموداللہ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 83 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، سرنگا لکمل اور رنگناہیراتھ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں سری لنکن بلے بازوں نے بھی میزبان بائولرز کو بھرپور جواب دیا، آئی لینڈرز نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 187 رنز بنا لئے تھے اور اسے بنگال ٹائیگرز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 326 رنز کی ضرورت ہے، کرونارتنے بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے تو دھانن جایا اور مینڈس حریف بائولرز کے سامنے چٹان بن گئے، دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ میں 187 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا، اسی دوران دھانن جایا نے شاندار سنچری بھی مکمل کی، دھانن جایا 104 اور کوسل مینڈس 83 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ جمعرات کو چٹاگانگ ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے 374 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو مومن الحق 175 اور محموداللہ 9 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے تیسرے ہی اوور میں ہیراتھ نے مومن الحق کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، مومن الحق 176 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مصدق حسین 8 رنز بنا کر ہیراتھ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، مہدی حسن اور سنزامل اسلام نے محموداللہ کا ساتھ دینے کی کوشش کی تاہم دونوں بالترتیب 20 اور 24 رنز بنا کر چلتے بنے، تیجل اسلام 1 اور مستفیض الرحمان 8 رنز بنا سکے، محموداللہ نے 83 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، لکمل اور ہیراتھ نے 3، 3 سنداکن نے 2 اور پریرا نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں سری لنکا نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 187 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 326 رنز کی ضرورت ہے، سری لنکا کا آغاز مایوس کن تھا اور دیمتھ کرونارتنے بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، اس موقع پر دھانن جایا ڈی سلوا اور کوسل مینڈس نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 187 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، دھانن جایا 104 اور مینڈس 83 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، مہدی حسن نے ایک وکٹ لی۔