افغانستان میں حالات کی خرابی کا الزام پاکستان کو نہیں دیا جاسکتا: خواجہ آصف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کیلئے افغانستان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ افغان درالحکومت کابل میں دہشت گردوں کے حالیہ حملوں میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر تعزیت کرنے کیلئے وزیر خارجہ خواجہ آصف جمعرات کے روز افغان سفارتخانہ گئے ۔ انہوں نے ان حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی جب کہ تعزیتی کتاب پر اپنے تاثرات بھی درج کئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر نوعیت کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔پاکستان اور افغانستان، دونوں ملک دہشت گردی کی لعنت کا شکار ہیں اور دہشت گردی کے سدباب کیلئے انہیں مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔یہ امر خوش کن ہے کہ ایک اعلیٰ سطح کے افغان وفد نے دو روز پہلے اسلام آباد کا دورہ کیا اور باہمی اعتماد و تعاون کو فروغ دینے کے معاملہ پر بات چیت کی۔افغان سفیر عمر ذخیلوال نے وزیر خارجہ کی سفارت خانہ آمد اور تعزیت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات سے اتفاق کیا کہ ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے دی جائے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔'دہشت گردی کے خلاف پاکستان، افغانستان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔جو مدد کر سکتا ہے کرے گا۔ دہشت گردی کے خلاف یہ ہماری مشترکہ جنگ ہے اور پاکستان اور افغانستان نے یہ جنگ مل کر لڑنی ہے۔افغانستان میں حالات کی خرابی کا الزام پاکستان کو نہیں دیا جاسکتا'ان کا کہنا تھا کہ کوئی تیسرا فریق پاکستان اور افغانستان کی معاونت تو کرسکتا ہے لیکن مسئلہ ہم نے خود حل کرنا ہے۔