سندھ کے عوام بیدار ہوچکے انقلاب آکر رہے گا، غفور حیدری
سکھر( حسیب شیخ) جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکریٹری اور سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری وفاقی وزیر مولانا سید امیر زمان صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام بیدار ہوچکے انقلاب آکر رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد واپسی سے قبل سکھر ایئرپورٹ پرکارکنوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر مرکزی میڈیا سیل کے ممبر آغا سید ایوب شاہ مرکزی سالار عبدالزاق عابد لاکھو ،مفتی سعود ،افضل ہالیجوی، مولانا عبدالحق مہر ، مولانا عبید اللہ بھٹو ابن آزاد ابوجنید وہان اور دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ الیکشن میں امریکی و یہودی ایجنٹوں کو شکست اور محمد کے غلاموں کو فتح ہوگی۔ جے یو آئی کے رہنمائوں نے گذشتہ روز پنو عاقل کے جلسے میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کو سندھ میں اسلامی انقلاب کا ڈنکہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ سندھ کے لوگ بھی اب بیدار ہوچکے ہیں۔ آئندہ ماہ حیدرآباد ، کراچی کے بعد سکھر میں جے یو آئی بڑے جلسے کرکے سندھ کی سیاست میں تہلکہ مچا دے گی۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں بڑے بڑے لوگ جمعیت میں شمولیت کے لئے رابطے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لاڑکانہ ، پنو عاقل کے جلسوں میں لاکھوں عوام نے شرکت کی ۔سندھ میں انقلاب کا ڈنکہ بج رہا ہے۔ موجودہ حالات میں ایم ایم اے کی بحالی دینی قوتوں کیلئے نیک شگون اور باطل قوتوں کے لئے موت کا پیغام ہے ۔ اب سندھ میں بھی کرپشن کے بادشاہوں ، ظالم و جابر وڈیروں اور غریب عوام پر فرعونیت کا راج قائم کرنے والوں کی سیاست کا خاتمہ ہوگا سندھ اسمبلی پر اسلام کا پرچم لہرائیں گے۔
غفور حیدری