نہال ہاشمی کیخلاف مناسب فیصلہ آیا فواد چودھری، کم سزا دی گئی: شیخ رشید
لاہور (آن لائن) ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عدالت کا بڑا مناسب فیصلہ ہے، نہال ہاشمی نے عدالت اور براہ راست جے آئی ٹی کو دھمکیاں دی تھیں۔ فیصلہ کیپٹن (ر) صفدر جیسے لوگوں کیلئے مثال بنے گا، جو مسلسل توہین عدالت کر رہے ہیں۔دوسری جانب سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ نہال ہاشمی کو سزا تھوڑی سنائی گئی ہے، اس وقت یہ سب بڑے ٹارزن بنے ہوئے تھے، نہال ہاشمی کو تندور پر لگانا چاہیئے تا کہ اسکے رنگ میں اور بہتری آجائے۔ انہوں نے کہا یہ نیا فیشن ہے اراکین اسمبلی توہین عدالت کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے نہال ہاشمی کی سزا پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا کا شکر ہے کہ سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کی توہین عدالت کا نوٹس لیا اور سزا سنائی، یہی کارروائی اب نواز شریف، مریم نواز اور توہین عدالت کے مرتکب ان کے حواریوں کے ساتھ ہونی چاہئے۔