چین کیساتھ تنازعہ لیکن اچھے تعلقات اور تعاون چاہتے ہیں: ویتنامی سفیر
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں ویتنام کے سفیر پھام ہوآنگ کم نے کہا ہے کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان اس وقت تجارت سالانہ 700 ملین ڈالر ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ اسے ایک ارب ڈالر تک پہنچایا جائے۔ گزشتہ شام ایک سفارتی تقریب میں نوائے وقت سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان معاشی اور تجارتی تعاون کو فروغ دیا جانا چاہئے۔ ان سے پوچھا گیا کہ جنگ ویتنام میں امریکہ نے ویتنام کو تباہ کر دیا تھا لیکن ویتنام اب اس تباہی کو فراموش کر کے معاشی طورپر تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ سفیر نے کہا کہ ہم ماضی کو فراموش کر رہے ہیں اب امریکہ سمیت تمام ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ ہماری پالیسی یہ ہے کہ ہر ملک کے ساتھ دوستی ہونی چاہئے۔ ویتنامی سفیر سے استفسار کیا گیا کہ چین کے ساتھ ان کے تعلقات اچھے ہیں تو سفیر نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارا تنازعہ ہے لیکن ہم چین کے ساتھ بھی اچھے تعلقات چاہتے ہیں اور تعاون چاہتے ہیں۔ ہماری پالیسی ہر ملک کے ساتھ اچھے تعلقات اور امن کا فروغ ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں ویتنام کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ویتنام کے عوام کے درمیان بہترین تعلقات ہیں جنہیں مزید گہرا بنایا جا سکتا ہے۔