بلاول ہائوس اسلام آباد پر چھاپہ مارا جائے رائو انوار مل جائیگا: عابد شیر علی
کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ اگر بلاول ہاؤس اسلام آباد پر چھاپہ مارا جائے تو راؤ انوار مل جائے گا‘سندھ کے حکمران چور اور لٹیرے ہیں، عوام کے اربوں ہڑپ کر چکے ہیں‘ ایک ایک پائی کا حساب لیں گے‘ ایان علی کے ذریعے قوم کا پیسہ باہر بھیجا گیا‘ کراچی کے لوگ ووٹ کے ذریعے گند صاف کریں گے‘ نہال ہاشمی کو ان کے نازیبا کلمات کی سزا ملی‘ جس دن انہوں نے توہین عدالت کی اسی روز نواز شریف نے ایکشن لیا تھا۔ وہ جمعرات کو کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ وزیر مملکت توانائی عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ راؤ انوار معصوم لوگوں کا قاتل ہے۔ پیپلز پارٹی کو وقت دیا اب قوم ان کا احتساب کرے۔ وزیر مملکت توانائی نے کہا کہ میاں صاحب کی وجہ سے کراچی میں امن ہے۔ انہوں نے کہا سندھ کے حکمرانوں کا احتساب کا وقت آگیا ہے۔کراچی میں بسیں چلیں گی پھر لوگوں کو پتا چلے گا ترقی کیا ہے۔