فارمولا ملک‘ ڈبے کا دودھ‘ گمراہ کن لیبل کی بنیاد پر 6 پراڈکٹس کی فروخت پر پابندی
ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے انفینٹ فارمولا لیبلنگ ریگولیشن پر عمل درآمد کا آغازکرتے ہوئے مارکیٹ میں چائنہ سے درآمد شدہ انفینٹ فارمولاپر فرانسیسی اور نیدرلینڈ کی لیبلنگ کرکے فروخت کی جانے والی پراڈکٹس پر پابندی عائد کر دی ہے۔بین کی گئی پراڈکٹس میں نیو لیک اور لیکٹینا کی تین تین پراڈکٹس شامل ہیں اور ان کمپنیوں کو اپنا تمام سٹاک مارکیٹ سے ہٹانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ان کمپنیوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے بچوں کے ڈاکٹر ز سے گزارش کی گئی ہے کہ غیر معیاری پراڈکٹس تجویز کرنے سے گریز کریں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان پراڈکٹس کا معیار دیگر ترقی یافتہ ممالک میں بکنے والی مصنوعات کے ہم پلہ ہونے تک ان کو خریدنے سے گریز کریں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے انفینٹ فارمولا ریگولیشن کے تحت کام کرنے والی پراڈکٹس کو ہی کام کرنے کی اجازت ہو گی۔ ایف بی آر سے ریکارڈ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تمام انفینٹ فارمولا کمپنیوں کی پاکستان اور دیگر ممالک میں بکنے والی مصنوعات کا موزانہ کیا جا رہا ہے۔پاکستان اور دیگر ممالک میں ہونے والی فروخت کے معیار میں فرق کی صورت میں سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
فروخت پابندی