پاکستان‘ کرغزستان کے درمیان پہلا مشاورتی دور‘ کئی شعبوں میں روابط بڑھانے پر غور
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان اور کرغزستان کے درمیان پہلا دوطرفہ سیاسی مشاورت کا دور بشکیک میں منعقد ہوا جس میں سپیشل سیکرٹری خارجہ اعتزاز احمد جبکہ کرغز وفد کی قیادت نائب وزیرخارجہ نورلان اسینووچ نے کی۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت‘ معیشت‘ سرمایہ کاری‘ ثقافت‘ تعلیم‘ سائنس و ٹیکنالوجی‘ دفاع‘ پارلیمانی روابط اور عوامی رابطے بڑھانے پر غور کیا گیا۔ خطے کی موجودہ سلامتی و امن کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی وفد نے افغانستان میں امن و سلامتی کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششوں‘ پاک بھارت تعلقات اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اگلے سال دوطرفہ مشاورت کا دوسرا دور منعقد ہوگا۔