حدیبیہ ملز نظر ثانی درخواست‘ 7رکنی لارجر بنچ بنایا جائے: نیب کی استدعا
اسلام آباد (صباح نیوز)نیب کی طرف سے حدیبیہ پیپر ملز کیس میں فیصلہ پر نظرثانی کی درخواست سننے کے لئے 7 رکنی لارجر بینچ تشکیل دینے کی درخواست عدالت عظمیٰ میں دائر کر دی گئی۔ چیئرمین نیب کی 6 صفحات پر مشتمل درخواست میں میسرز حدیبیہ پیپر ملز، نواز شریف، شہباز شریف، مرحوم میاں محمد عباس شریف، میاں حسین نواز شریف، حسن نواز شریف، شمیم اختر، صبیحہ عباس، مریم صفدر، وفاق پاکستان اور احتساب عدالت کے جج سمیت گیارہ افراد کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس میں ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بینچ کا موقف پانامہ کیس کے لارجر بینچ کی طرف سے دیئے گئے فیصلے سے مختلف ہے۔ پانامہ کیس کے فیصلے میں عدالت نے نیب کو ہدایت کی تھی کہ مذکورہ ملزموں کے خلاف حدیبیہ پیپرملز کیس میں نظرثانی کی درخواست دائر کرے۔ پانچ رکنی لارجر بینچ نے دیگر شخصیات شیخ سعید، موسیٰ غنی، کاشف مسعود قاضی، جاوید کیانی اور سعید احمد کو بھی کیس میں شامل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ پانامہ فیصلے کی روشنی میں موثر ہو گا کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس کی سماعت کے لئے 7 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا جائے کیونکہ اس کیس کا براہ راست تعلق پانامہ کیس سے بنتا ہے۔ عدالت عظمیٰ کے دو مختلف بینچوں کے مختلف نقطہ نظر کے پیش نظر معاملے کا فیصلہ لارجر بینچ کر سکتا ہے۔ درخواست میں عدالت عظمیٰ کے تین فیصلوں کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جن میں لارجر بینچ تشکیل دیئے گئے تھے۔ درخواست میں حدیبیہ پیپر ملز کیس کے فیصلہ اور پانامہ کیس کے فیصلہ میں سے متعلقہ پیرا گراف بھی شامل کئے گئے ہیں۔
نیب درخواست