' ناصر رضا سچے اور درویش صحافی تھے‘ ظہیر خان
کراچی (کلچرل رپورٹر) پاکستان ٹیلی ویژن کے سینئر پروڈیوسر ظہیر خان نے کہا ہے کہ صحافی معاشرے کے نگراں ہیں اور وہ اس حوالے سے اپنا کردار بخوبی ادا کر رہے ہیں وہ آرٹس کونسل میں کراچی اور فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے معروف صحافی و ڈرامہ نگار ناصر رضا مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر آرٹس کونسل کے خازن شہناز صدیقی ‘اقبال لطیف‘ سعادت جعفری‘ریڈیو پاکستان کراچی کے اسٹیشن ڈائریکٹر نور علی بگیو‘ سید عادل ابراہیم‘ قیصر مسعود جعفری‘ پروفیسر سحر انصاری‘ پرویز بلگرامی‘ جاوید میر‘ نغمہ نگار یونس ہمدم ذیشان صدیقی‘ میک
اَپ مین کمال الدین احمد کے علاوہ فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی‘ صدر عبدالوسیع قریشی‘ ناصر رضا کے ہونہار شاگرد‘ نعیم حبیب کے علاوہ مرحوم کی صاحبزادی حنا ناصر اور بھانجے فہد نے بھی اپنے جذبات بیان کئے۔ ظہیر خان نے کہاکہ ناصر رضا ایک سچے اور درویش صحافی تھے خاص طور پر ٹیلی ویژن کی جرنلزم کے حوالے سے ان کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا نعیم حبیب نے کہا کہ وہ ایک دیرینہ دوست اور ہمدم اور دوسروں کا نقصان خود اٹھانے والی شخصیت کے مالک تھے۔ مرحوم کی صاحبزادی حنا ناصر نے کہا کہ بابا ہمارے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے تھے‘ وہ باپ سے زیادہ ایک اچھے دوست تھے ان کی کمی محسوس ہوتی رہے گی۔ اس موقع پر جاوید میر‘ سعادت جعفری‘ ریڈیو پاکستان کراچی کے اسٹیشن ڈائریکٹر نو ر علی بگھیو و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بعدازاں اقبال لطیف نے مرحوم کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی کرائی تعزیتی ریفرنس میں ناصر رضا مرحوم کے خانوادے کے علاوہ پامسٹ اکبر سرحدی ‘ صحافی سمیع الدین ‘محمد انور‘ طارق شاہ‘ ٹی وی پروڈیوسر فرحت طلال‘ اسٹیج پروڈیوسر زاہد شاہ‘ کوثر رضوی‘ محمد دلاور‘ ٹی وی آرٹسٹ شجاع سمیع‘ ڈرامہ رائٹر نزہت سمن و دیگر شخصیات موجود تھیں۔