عوام نے پیٹرولیم نرخوں میں اضافہ مسترد کردیا ہے‘ فردوس شمیم نقوی
کراچی(نیوزرپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی اور جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 2.98، ڈیزل کی قیمت میں5.92 اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 5.94 روپے کے اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ملک کے عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ پاکستان کے عوام کسی صورت مہنگائی کا بوجھ برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ حکمرانوں نے پہلے ہی اشیائے خوردونوش اور ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔ اب غریب عوام پر پٹرول بم گرا نا سراسر ظلم اور زیادتی ہے۔ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئی ہے لیکن حکومت کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی منظوری دینا عوام کا معاشی قتل عام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’انصاف ہائوس ‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا ۔ رہنمائوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ بدعنوان اور کرپٹ لوگوں سے ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لا کر عوام کے دکھوں کا مداوا کرے۔ اگر حکومت ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لے آئے ، جو کہ ن لیگ کی حکومت میں ممکن نہیں لگتا، تو مہنگائی کا علاج ممکن ہے۔