لکی مروت: تحصیل سرائے نورنگ میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ، بارہ دہشت گرد ہلاک, آٹھ اہلکار شہید ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق رات تقریباً تین بجے سرائے نورنگ میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پرتیس کے قریب دہشت گردوں نے جدید اسلحے، خودکار ہتھیارو ں اور دستی بموں سے حملہ کردیا. اس دوران شدید فائرنگ ہوئی اوردھماکے سنے گئے۔ سیکیورٹی اہل کاروں نے حملہ آوروں کا بھرپور مقابلہ کیا اور بنوں سے بھی سیکیورٹی اہل کار سرائے نورنگ پہنچے۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں بارہ شدت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ حملے میں آٹھ اہلکاربھی شہید ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ سرائے نورنگ کا یہ علاقہ پہلے رہائشی کالونی تھا۔ علاقے میں حالات خراب ہونے پر سیکیورٹی فورسز نے دوہزارگیارہ میں وہاں اپنا کیمپ بنالیا جہاں سو سے دوسو اہل کار موجود ہوتے ہیں۔