چیف جسٹس آف پاکستان افتخارمحمد چوہدری نے کہا ہے کہ عدلیہ نے اپنے آپ کو پابند کرلیا ہے کہ وہ آئندہ آئین کے علاوہ کسی قسم کا حلف نہیں اٹھائے گی۔

راولپنڈی ڈویژن کی مختلف وکلاء بارکے نومنتخب قیادت سے حلف لینے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ وکلاء نے اپنی جدوجہد سے ثابت کردیا کہ پاکستان میں صرف اورصرف جمہوریت اورآئین کی حکمرانی ہی چل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کا مسودہ تیارکرنے والی آئینی کمیٹی نے اپنے دیباچے میں لکھا ہے کہ جمہوریت کی بحالی وکلاء کی جدوجہد سے ہی ممکن ہوسکی ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدلیہ نے اکتیس جولائی دہ ہزارنو کے فیصلے میں اپنے آپ کو پابند کرلیا ہے کہ وہ آئین کے علاوہ کسی قسم کا حلف نہیں اٹھائے گی۔ انہوں نے وکلاء کوہدایت کی کہ وہ بھی کسی قسم کے غیرقانونی کام کو قبول نہ کریں۔