اعظم سواتی کی گرفتار ی کے لئے کوئٹہ پولیس اسلام آباد پہنچ گئی۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے خلاف تضحیک آمیز تقریر کرنے پر درج مقدمے کے سلسلے میں کوئٹہ پولیس ان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی۔ زرائع کے مطابق اداروں کے خلاف تضحیک آمیز تقریر کے کیس میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق سینیٹر اعظم سواتی کی کوئٹہ میں درج مقدمے میں بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ پولیس اعظم سواتی کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔واضح رہے کہ راولپنڈی جلسے میں تقریر کے بعد اعظم سواتی کے خلاف کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری سے قبل اسلام آباد کی مقامی عدالت سے اجازت ضروری ہے ۔ جب کہ گزشتہ روز عدالت نے اعظم سواتی کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔ دریں اثنا اعظم سواتی کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت گزشتہ شب سے خراب ہے۔