
اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے میچوں کے دوران شائقین کو نیشنل اسٹیڈم جانے کی اجازت دیدی۔
کورونا رسپانس کی نگرانی کرنے والے ملک کے اعلیٰ ادارہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر شائقین کی تعداد کو 100 فیصد تک بڑھا دیا۔
12 سال سے زیادہ عمر کے شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے اپنا کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا جبکہ ماسک پہننا اور سینیٹائزر کا استعمال تمام شائقین اور منتظمین کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔این سی او سی نے ٹکٹوں اور دعوت ناموں کو کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ سے منسلک کرنے اسٹیڈیم میں فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دورے میں 13 سے 22 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا کی نئی لہر اومی کرون کی وجہ سے دوبارہ پابندیوں کا امکان ہے ۔تاہم این سی او سی نے پاک ویسٹ انڈیز سیریز میں شائقین کو میچز دیکھنے کی اجازت دیدی ہے۔