پنجاب میں ہوٹل،کیفے اور ریستورانتس کے اندر کھانا کھانے پر مکمل پابندی عائد
حکومت پنجاب نے ہوٹل،کیفے اور ریستورانتس کے اندر کھانا کھانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے جبکہ ریسٹورانٹ،ہوٹل اور تمام قسم کے فوڈ پوائنٹس کھانے پینے کے انتظامات صرف کھلی جگہوں پر کر سکتے ہیں۔ریستورانتس کے اندر کھانے پر پابندی کا سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
صوبائی حکومت کے محکمہ صحت کےسیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری کئے جانے والے مراسلے میں ریستورانت،ہوٹل اور تمام قسم کے فوڈ پوائنٹس کھانے پینے کے انتظامات صرف کھلی جگہوں پر کر سکتے ہیں جبکہ کھانے کے لیے بیٹھنے کا انتظام حکومت پنجاب کے واضح کردہ احکامات کی روشنی میںسماجی فاصلے کو قائم رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن(ر)محمد عثمان نےاطلاع نامے میں ہدایات جاری کی ہیں جس کے مطابق بیٹھنے کے لیے لگائے جانے والے میز اور کرسیوں میں ایس او پیز کے مطابق مناسب فاصلہ رکھا جائے گا،کھلی جگہوں پر بھی کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کرنا لازم ہو گا۔ماسک پہنے،بار بار ہاتھ دھونے،بلا ضرورت کسی بھی سطح کو چھونے اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے جیسے ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا،کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے جاری کردہ تمام ایس او پیزپر لازمی عمل کیے جائے۔
یاد رہے تمام کاروبار رات 10 بجے بند کرنے کے اوقات کار پہلے سے ہی متعین ہیں۔