گورنرسندھ سے کک باکسنگ کھلاڑی خان سعید آفریدی کی ملاقات
کراچی (اسپورٹس رپورٹر ) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے کِک باکسنگ کے عالمی کھلاڑی خان سعید آفریدی نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ خان سعید نے حال ہی میں بنکاک میں بین الاقوامی کک باکسنگ مقابلہ میں بھارتی کھلاڑی کو شکست دی تھی،سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سے تعلق رکھنے والے کمانڈو خان سعید نے کئی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستانی پرچم کو بلند کیاہے۔ ملاقات میں گورنرسندھ نے کہا کہ خان سعید قومی ہیرو ہیں جنہوں نے ہر جگہ پاکستان کا نام روشن کیا،عالمی مہارت کے حامل خان سعید قابل فخر کھلاڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں قومی ہیروز کے لئے ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کریں گے ،ان جیسے باصلاحیت کھلاڑی قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے اور نوجوانوں کو مثبت سمت گامزن کرنا اولین ترجیح ہے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ خان سعید کے لئے قومی سطح کے اعزاز کی سفارش کروں گا۔