ٹیکنیکل بورڈ میں استثنیٰ مضامین کیساتھ 2 سالہ DAE پروگرام متعارف
کراچی (نیوزرپورٹر) سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے پاکستان میں پہلی بار استثنیٰ مضامین پروگرام متعارف کروادیا ہے جس کے بعد انٹر میڈیٹ پری انجینئر نگ اور پری میڈیکل میں کم از کم 33فیصد نمبر ز سے پاس ہونیوالے طلبہ تین سال کے بجائے دو سال میں ایسو سی ایٹ انجینئرنگ (DAE) کا ڈپلومہ حاصل کر سکیں گے۔ استثنیٰ مضامین پروگرام کے تحت امیدوارکراچی سمیت سندھ میں 74سرکاری اور200 نجی فنی تعلیمی ادارے میں داخلے کا اہل ہو گا ۔ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے نوٹیفکیشن نمبر SBTE/CH-PA/2020/57 جاری کرتے ہوئے انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز کی 163میٹنگ مورخہ 30اپریل اور یکم مارچ2019ء کا حوالے دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ طلبہ جو انٹر پری انجینئرنگ اور پری میڈیکل کے امتحانات میں کامیاب ہوچکے ہیںمگروہ یونیورسٹیز میں داخلے کی کم سے کم مارکس کی اہلیت پر پورا نہیں اترتے ایسے امیدوار ڈپلومہ ان ایسو سی ایٹ انجیئنرنگ میں داخلہ لے کر پہلے سال کا استثنیٰ حاصل کر کےDAE سال دوئم میں براہ راست داخلہ لے سکیں گے اور انہیں دو سال میں 3 سالہ ڈپلومہ آف ایسو سی ایٹ انجینئرنگ(DAE) پروگرام کی ڈگری ایوارڈ کی جائے گی۔بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے مطابق مذکورہ پروگرام میں داخلہ لینے والے طلبہ لازمی مضامین اردو، اسلامیات، انگریزی سال و دوئم اور مطالعہ پاکستان میں پاس تصور کئے جائیں گے اس لئے انہیں صرف فنی تعلیم کے کورسز کروائے جائیں گے۔ پورے سندھ میں سرکاری 74اور نجی 200فنی تعلیمی ادارے میں ڈی اے ای پروگرام کروایا جارہا ہے جہاں ایک سال سے استثنیٰ انٹر میڈمیٹ پری انجینئرنگ اور پری میڈیکل میں کم از کم 33فیصد نمبر ز حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی فنی تعلیمی ادارے میں داخلہ دیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد موجودہ دور میں فنی تعلیم کی قومی اور بین الاقوامی اہمیت کے پیش نظرفنی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق رجسٹریشن فیس 2000روپے ہے۔ چیئرمین ٹیکنکل بورڈ ڈاکٹر مسرور احمد شیخ کے توسط سے جاری نوٹیفکیشن میں داخلہ کے خواہشمند طلبہ کو متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ سے رابطہ کی ہدایت کی گئی ہے ۔