ڈی جی سندھ بلڈنگ اتھارٹی آفس میں عوام کا داخلہ بند
کراچی(خبر نگار) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے آفس میں عوام کے داخلے پر پابندی عائد کردی جس کے بعد شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات کرنے والی مافیا کو کھلی چھوٹ مل گئی ۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں غیر قانونی تعمیرات کی شکایت درج کرنے اور دیگر مسائل لیکر آنے والے ہزاروں شہریوںکو آفس میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر میں دن بھر افسران و ملازمین اپنے آفس میں ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے جبکہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات کرنے والی مافیا کے کارندے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے آفس کے اندر سازباز کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔ اس ضمن میں ادارے کے ڈائریکٹر جنرل سے کئی بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔