منبرومحراب معاشرے میں تبدیلی و بہتری کا مؤثر ذریعہ ہے، حافظ نعیم
کراچی (نیوزرپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ علماء کرام معاشرے کا ایک موثر طبقہ ہیں ، جو عوام کی سوچ اور پسند و ناپسند کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، معاشرے میں تبدیلی اور بہتری کے عمل میں منبر و محراب کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ، جمعیت طلبہ عربیہ نے نوجوان ذہنوں کی تبدیلی اور دعوت و تبلیغ کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ، امید ہے کہ کامیابی کا سفر جاری رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں رابطۃ الاخوان و جمعیت طلبہ عربیہ کراچی کے زیر اہتمام رابطۃ الاخوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن میں جمعیت طلبہ عربیہ کے سابقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ جماعت اسلامی کراچی کی میزبانی میں ہونے والے کنونشن سے جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے منتظم اعلیٰ مولانا حافظ شمشیر شاہد ، سابق منتظم کراچی و مہتمم جامعۃ الاخوان مولانا عبدالوحید ، صوبہ سندھ کے منتظم مولانا محمد افضل ، کنونشن کے کنوینر مولانا قاسم رشید ، کراچی کے ناظم رضوان جعفرانی ، منتظم کراچی حافظ اعجاز الحق اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ کنونشن میں جمعیت طلبہ عریبہ سے وابستہ پی ایچ ڈی اور ایم فل کی ڈگری حاصل کرنے والوں کو خصوصی انعامات اور شیلڈز بھی پیش کی گئی ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ کے فارغ التحصیل افراد کے لیے ضروری ہے کہ سیکھنے اور حصول علم کے عمل کو مسلسل جاری رکھیں ، جدید علوم اور جدید نظریات سے گہری آگاہی حاصل کریں اور درس و تدریس سے تعلق کو ہمیشہ جوڑے رکھیں ، آج کے دور میں بڑے چیلنجز درپیش ہیں ، ان سے نمٹنے کے لیے ان سے گہری واقفیت اور ان کو قرآن و سنت کی روشنی میں سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ مولانا سید ابوالااعلیٰ مودودی ؒنے اپنے دور کے نظریات کو دین کی کسوٹی پر پرکھا اور ان کے مقابلے کے لیے اقامت دین کے تصور اور دین کے درست فہم کو اجاگر کیا ، نبی کریمﷺ کی سب سے بڑی سنت یہ ہے کہ آپؐ نے دین کو قائم کرنے کی نہ صرف جدوجہد کی ، بلکہ اس کو عملاً نافذ اور قائم کرکے دکھایا ، جماعت اسلامی کی دعوت اور جدوجہد کا بنیادی عقیدہ بھی اقامت دین ہی ہے ۔مولانا حافظ شمشیر شاہد نے کہا کہ دینی مدارس نے گزشتہ 200سال میں علوم شریعیہ و دینیہ کو اگلی نسلوں میں منتقل کرنے، اسلامی عقائد و شعائر اور اسلامی تہذیب و ثقافت کی حفاظت اور بڑی تعداد میں امام و خطباء کرام ، مدارس کے اساتذہ و علماء کرام فراہم کرنے کا فریضہ ادا کیا ہے ۔